آرمی چیف راحیل شریف سعودی عرب کے دورے پر

آرمی چیف راحیل شریف سعودی عرب کے دورے پر

اسلام آباد: پاکستانی فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف گزشتہ روز منگل کو تین روزہ دورے پر سعودی عرب روانہ ہوگئے جو گزشتہ سال نومبر میں کمان سنبھالنے کے بعد ان کا پہلا غیر ملکی دورہ ہے۔
اس دورے کا مقصد دونوں ملکوں کے درمیان اسٹریٹجک شراکت داری کے نئے دور کے منصوبوں کو آگے کی جانب بڑھانا ہے۔
اپنے دورے کے دوران وہ شاہ عبداللہ اور سعودی عرب کے فوجی کمانڈروں سے بھی ملاقات کریں گے۔
ایک ملٹری ترجمان کا کہنا ہے کہ جنرل راحیل شریف پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تعلقات کو ہر پہلو سے آگے بڑھانے کے علاوہ دفاع اور سیکیورٹی تعاون پر بات چیت کریں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ فوجی سربراہ جنرل راحیل شریف سعودی انتظامیہ کی دعوت پر یہ دورہ کررہے ہیں۔
واضح رہے کہ پاکستان کے ماضی میں بھی سعودی عرب کے ساتھ اچھے تعلقات رہے ہیں۔ اگرچہ گزشتہ پیپلز پارٹی کے دور میں سیاسی تعلقات بظاہر سرد مہری کا شکار نظر آئے لیکن اس دوران بھی دونوں ملکوں نے ہر سطح پر تعلقات کو برقرار رکھا۔
تاہم گزشتہ مہینے سعودی عرب کے وزیر خارجہ سعود الفیصل کے دورۂ اسلام آباد اور حکومت کی تبدیلی بعد سے تعلقات میں نئی گرمجوشی اور بھی اہم نظر آرہی ہے۔
وزیر خارجہ سعود الفیصل نے سعودی ڈپٹی وزیر برائے دفاع کے طویل دورے کے بعد پاکستان کا دورہ کیا جس میں انہوں نے دفاعی تعاون بڑھنے کی بات کی تھی۔
ڈپٹی دفاعی وزیر نے اس دورے کے دوران 17 اراکین پر مشتمل وفد کی قیادت کی تھی۔
اگرچہ ریاض اور اسلام آباد کے درمیان کوئی نیا معاہدہ نہیں ہوا، لیکن بظاہر ایسا لگتا ہے کہ دونوں ملک تربیت، فوجی تبادلوں اور دفاع سامان کی خرید و فروخت میں دلچسپی رکھتے ہیں۔

No comments:

Post a Comment